Aug ۲۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • عراق اور ایران میں اربعین حسینی

آج نواسہ رسول امام حریت حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم بڑی شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تفصیلات کے مطابق سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر عراق میں جاری اربعین میلین مارچ آج اپنے عروج کو پہنچ گیا اور دسیوں لاکھ زائرین اس وقت کربلائے معلیٰ میں مولا حسین اور آپ کے باوفا بھائی علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس کے در پر حاضری دے رہے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ آج کربلا شہر ملکی و غیر ملکی زائرین کی غیر معمولی اور ہوشربا تعداد سے چھلک اٹھا ہے۔ ایک طرف جہاں نجف سے لے کر کربلا تک عزاداری، سوگواری کا سماں ہیں اور دسیوں لاکھ سیاہ پوش زائرین امام ہمام کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں وہیں دوسری جانب لاکھوں عراقی و غیر عراقی خادمین زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اِدھر ایران میں بھی آج اربعین ہے اور اس موقع پر پورے میں عزاداری اور سوگواری کا ماحول ہے۔
سبھی مقدس مقامات بالخصوص مشہد میں روضہ امام رضا علیہ السلام، قم میں روضۃ حضرت معصومہ علیہا سلام، شیراز میں روضہ حضرت شاہچراغ علیہ السلام اور تہران میں روضہ حضرت عبد العظیم حسنی زوار اور سوگواروں سے لبریز ہیں۔
آج اربعین کا سورج نمودار ہوتے ہی ماتمی دستوں نے مقامات مقدسہ کا رخ کیا ہے۔ دارالحکومت تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اربعین مارچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں چہلم کے موقع پر کربلا نہ پہنچ پانے والے شمع حسینی کے پروانے شریک ہو کر اپنے دلوں کی تسکین کا سامان فراہم کر رہے ہیں۔

ٹیگس