Nov ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کو چھوٹ، عالمی امن کے لئے خطرناک

پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم نے جارحیت اور نسل کشی کے حوالے سے غاصب صیہونی حکومت کے استثنی کو عالمی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت اور صیہونی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ضروری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دن اس بات کی یاد دھانی کراتا ہے کہ فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور مساوات کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے کہ دنیا اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کی تباہی اور نسل کشی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔پاکستان کے صدر نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے اور دنیا کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک قابض اسرائیلی حکومت کے جارحانہ جرائم کی شدید مذمت اور عالمی برادری سے فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مسلسل قبضہ اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری خطے میں امن کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

شہباز شریف نے زور دے کر کہاکہ پاکستان غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے اور فلسطینی عوام کو انسانی امداد کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

ٹیگس