مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، سات فلسطینی گرفتار
مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی فوج نے حملے کرکے کم از کم سات فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: پارس ٹوڈے کے مطابق بعض فلسطینی ذرائع نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے مغرب میں واقع "دیر قدیس" علاقے میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپہ مار کر پانچ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح شہر الخلیل میں بھی صیہونی قید سے رہا ہونے والے ایک فلسطینی اور اس کے بھائی کو بھی گرفتار کرلیا۔
مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر جاری صیہونی حکومت کے مسلسل حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ شمالی مغربی کنارے کے خلاف اسرائیلی فوج کی جارحیت کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوں گے۔
شمالی مغربی کنارے میں سینتالیسویں روز بھی مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور غاصب عناصر نے اس علاقے میں کیمپوں کا محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی وزیر جنگ یسرائیل کاٹز نے پناہ گزینوں کے کیمپوں پر قبضہ برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لوگ بے گھر ہو رہے اور مکانات تباہ ہو رہے ہیں۔