اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے کی بان کی مون پرتنقید
Sep ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۳ Asia/Tehran
-
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار جعفری
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار جعفری نے عالمی ادارے کے بعض رکن ممالک کی طرف سے دہشت گردوں کی حمایت کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے سیکریٹری جنرل بان کی مون پر تنقید کی ہے ۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بشارجعفری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےغیررسمی اجلاس میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اپنی رپورٹوں میں اس مسئلے کو نظراندازکیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رکن ممالک نے سو سے زیادہ ممالک کے دسیوں ہزاردہشت گردوں کو شام بھیجا ہے ۔بشارجعفری نے کہا کہ بان کی مون اس بات کی طرف ہرگزاشارہ نہیں کرتے کہ یہ دہشت گرد شام میں عام لوگوں کے خلاف بہیمانہ اور وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں اورشام کے اداروں اوربنیادی تنصیبات کو تباہ کررہے ہیں - انہوں نے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے جرائم کا شکار شامی پناہ گزینوں کی مشکلات کے لئے مغربی ممالک کو ذمہ دار قرار دیا اورکہا کہ بہت سے ممالک نے ، جوانسانی حقوق کا دم بھرتے ہیں ، پناہ گزینوں کے لئے اپنے دروازے بند کردئیے ہیں حتی سمندرمیں غرق ہوتے پناہ گزینوں کی جان بچانے سے بھی گریزکرتے ہیں -