شام میں دہشت گرد گروہ داعش کا اعلان "ہم بہت جلد واپس آ رہے ہیں"، جولانی نے اپنا اصلی رنگ دکھانا شروع کر دیا!
شام کے شہر ادلب اور اس کے مضافات میں دہشت گرد تنظیم داعش سے منسوب تحریریں اور پوسٹرز پائے گئے ہیں، جن میں اس تنظیم کی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان دھمکی آمیز پیغامات کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تفصیلات کے مطابق، بدھ کی صبح شام کے شہر ادلب اور اس کے گرد و نواح میں دہشت گرد تنظیم داعش کے پیغامات والے اشتہارات پھیلے ہوئے پائے گئے ہیں۔ ان تحریروں میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ داعش اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر رہی ہے اور بہت جلد مکمل طور پر واپس آ جائے گی۔ ان دھمکیوں نے مقامی آبادی کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ عوام ابھی تک ماضی میں داعش کے دورِ حکومت کے مظالم کو نہیں بھولے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شام میں نظام کی تبدیلی اور بشار الاسد کی حکومت کے سقوط کے بعد ابھرنے والا جولانی کی حکومت ملک کو استحکام دینے میں ناکام رہا ہے۔ ادلب اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال بدتر ہو چکی ہے۔ جبکہ جولانی سے وابستہ مسلح گروہ اقتدار اور علاقوں کے کنٹرول کے لیے آپس میں ہی برسرِ پیکار ہیں۔ ایسے میں داعش کے خفیہ نیٹ ورکس اس انتظامی کمزوری کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
یہ حالت صرف ادلب کی ہی نہیں، بلکہ مشرقی دیرالزور کے علاقوں جیسے محکان اور القوریہ میں بھی اسکولوں کی دیواروں پر داعش کے حق میں نعرے بازی کی گئی ہے۔ یہ تمام شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ شام میں سیکیورٹی کا خلا دہشت گردوں کے لیے دوبارہ سر اٹھانے کا راستہ ہموار کر رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel