شام میں بحران کی اصل وجہ جاری دہشت گردی ہے، اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے کا بیان
Sep ۲۷, ۲۰۱۵ ۰۷:۵۰ Asia/Tehran
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار جعفری نے کہا ہے کہ دہشت گردی، غاصبانہ قبضہ، پابندیاں، دیگر ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت اور غریب ملکوں کی معاشی مدد نہ کرنا، ترقی کے فقدان اور بحران کا باعث بنا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار جعفری نے ہفتے کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ترقی کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردی، اطرف میں موجود ہر چیز کو خاکستر بنا رہی ہے جس نے شام کا مستقبل بھی، جو ترقی و پیشرفت پر استوار ہونا چاہئے، مسائل و مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ دہشت گرد، منظم سازش کے تحت شامی ذرائع تباہ اور شامی شہریوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بشار جعفری نے کہا کہ اگر بعض ملکوں کی غلط پالیسیاں نہ ہوتیں تو دہشت گردی کی لہر، اب تک جاری نہیں رہ سکتی تھی۔
انھوں نے کہا کہ بعض ممالک دہشت گردی کے ذریعے اپنے غیر اخلاقی اور سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شام میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ بعض علاقائی و غیر علاقائی ملکوں کی حمایت سے جاری دہشت گردی ہے اور سب جانتے ہیں اختلافات کی آگ بھڑکانے والے فتوے کہاں سے جاری ہوتے ہیں اور کون دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے تاکہ شام کو تباہ کیا جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حمایت کی بنا پر ہی ہمارے علاقے میں ترقی نہیں ہوئی ہے اور نتیجے میں امن کا مستقبل تاریک ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔