جنوبی عراق میں اجتماعی قبر دریافت
Oct ۲۸, ۲۰۱۵ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
عراق میں انسانی حقوق کے مرکز نے ملک کے جنوبی علاقے میں سابق ڈکٹیٹر صدام کے دور کی اجتماعی قبر دریافت ہونے کی خبر دی ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق نجف اشرف میں انسانی حقوق مرکز کے انچارج کریم ہلال نے کہا ہے کہ منگل کے روز کربلا - نجف روڈ کے قریب سابق ڈکٹیٹر صدام کے دور کی ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے-
کریم ہلال نے اس خبر کی تفصیلات کی جانب اشارہ کئے بغیر کہا کہ نجف میں انسانی حقوق مرکز کے ماہرین بدھ کو اس اجتماعی قبر کا سروے کریں گے-
عراق میں دسیوں ایسی اجتماعی قبریں موجود ہیں جن میں اکثر کا تعلق اس ملک کے سابق ڈکٹیٹر صدام کے دور حکومت سے ہے- ان اجتماعی قبروں میں وہ افراد دفن ہیں جنھیں انیس سو اسی اور نوے کے عشرے میں صدام کے دور حکومت میں، اس کے سفاک اہلکاروں نے قتل کر کے خفیہ طریقے سے دفن کر دیا تھا-