جنگی جرائم کا ارتکاب، صیہونی حکومت کے خلاف شکایت
Nov ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
فلسطینی انتظامیہ نے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور قدس میں حالیہ جھڑپوں میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کی بنا پر اسرائیلی حکومت کے خلاف شکایت کی ہے۔
غزہ آن لائن کے مطابق ریڈیو اسرائیل نے فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض مالکی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ شکایت محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس اور انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے اٹارنی جنرل واتو بنسودا کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کی گئی ہے۔محمود عباس نے اس ملاقات کے دوران واتو بنسودا کو فلسطینی عوام کے خلاف صیہونیوں کے حالیہ جرائم سے آگاہ کیا اور اس مسئلے کا فوری جائزہ لینے کی اپیل کی۔
فلسطینی وزیر خارجہ ریاض مالکی کے بقول اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی تفصیلات انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے اٹارنی جنرل کو فراہم کی گئی ہیں اور صیہونیوں کے جرائم کو ثابت کرنے کے لیے ویڈیو ریکارڈنگز بھی انھیں پیش کی گئی ہیں۔ ریاض مالکی نے کہا کہ ان میں سے بعض شکایات کا تعلق فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے سے ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر کے اوائل سے صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں جس کے دوران اب تک تہتر فلسطینی شہید، جبکہ دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔