بحرین: عوام کے ملک گیر مظاہرے، آل خلیفہ حکومت کے مظالم کی مذمت
Nov ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
بحرین میں عوام نے جمعے کو ملک گیر مظاہرے کر کے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے مظالم کی مذمت کی ہے۔
المنار کے مطابق جمعے کو بحرین کے مختلف شہروں اور علاقوں میں آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ عوام نے ان مظاہروں میں جمیعت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کی فوری آزادی کا مطالبہ کیا۔ان مظاہروں میں لوگوں کے گھروں پر بحرینی پولیس اور شاہی کارندوں کے حملوں اور نوجوانوں کی خودسرانہ گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے علما اور جمہوریت پسند رہنماؤں کے ساتھ اپنی یک جہتی کا اعلان کیا اور شاہی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
اسی کے ساتھ بحرین کی ایک اسلامی انقلابی تنظیم نے ایک بیان جاری کر کے مختلف شہروں میں لوگوں کے گھروں پر حملوں اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کو ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ اس تنظیم نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ملک کو آل خلیفہ کی شاہی حکومت سے آزاد کرانے کے لئے پر امن تحریک جاری رہے گی۔
بحرین کے ایک انقلابی رہنما عبدالامیر ربیع نے کہا ہے کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت، سعودی حکومت کی حمایت سے عوام کی وحشیانہ سرکوبی میں مصروف ہے۔ انھوں نے لوگوں کے گھروں پر شاہی حکومت کے نقاب پوش کارندوں کے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی عوام شاہی حکومت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے ۔
یاد رہے کہ منگل کو بحرین کی شاہی حکومت کے نقاب پوش کارندوں نے لوگوں کے گھروں پر حملہ کرکے تین بچوں سمیت پینتالیس افراد کو گرفتار کر لیا تھا ۔