بحرین میں غیرقانونی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، کم عمر بچے بھی گرفتار
Nov ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
بحرین میں غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے چھے کم عمر بچوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
انسانی حقوق مرکز بحرین کے سینیئر رکن حسین رضی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان بچوں کو حکومت مخالف اجتماع میں شرکت کے الزام میں القریہ نامی دیہات سے گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ملک کی جیلوں میں بند تمام بچوں اور دیگر قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین کی وزارت داخلہ کے نقاب پوش اہلکاروں نے منگل کے روز بھی ملک کے مختلف علاقوں میں جمہوریت کے حامیوں کے گھروں پر چھاپے مار کر تین بچوں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کیا تھا۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے جمہوری تحریک جاری ہے جس کے دوران سیکڑوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔ بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے مطابق گرفتار شدگان میں ایک سو پچاس بچے بھی شامل ہیں۔