صیہونی وزیراعظم کی بعض عرب حکام سے ملاقات کاانکشاف
-
صیہونی وزیراعظم کی بعض عرب حکام سے ملاقات کاانکشاف
غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے پیرس میں بعض عرب حکام سے اپنی خفیہ ملاقات کا انکشاف کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعوی کیا ہے کہ عرب ممالک کے سربراہ اور دیگر اعلی حکام نے ان سے پیرس میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔ نیتن یاہو نے فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس سے مصافحہ کرنے کے بارے میں کہا ہے کہ یہ اقدام رسمی اقدام تھا اور فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ صیہونی حکومت کے تعلقات میں تبدیلی کی علامت نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کا خاتمہ نہیں چاہتے ہیں کیونکہ صیہونی حکومت کو سیکورٹی کی فراہمی کے سلسلے میں فلسطینی اتھارٹی کا اہم کردار ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف یکم اکتوبر سے جاری انتفاضہ قدس کو نظر انداز کرتے ہوئے، جس کے دوران اب تک سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی جس پر فلسطینی تنظیموں نے شدید تنقید کی ہے۔
تحریک جہاد اسلامی نے محمود عباس کے نیتن یاہو سے ہاتھ ملانے کو شہدا کے خون اور پوری فلسطینی قوم سے غداری قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
جہاد اسلامی نے خبر دار کیا کہ محمود عباس در پردہ صیہونی حکومت سے مذاکرات کی راہ ہموار کر رہے ہیں لیکن اگر انہوں نے قوم کو پس پشت ڈال کر دشمن کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات بڑھانے کی کوشش کی تو اس کے خوفناک نتائج برآمد ہوں گے۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے مزید کہا ہے کہ محمود عباس نے نیتن یاہو سے ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب غاصب فوج کی منظم دہشت گردی سے پورا فلسطین خون میں ڈوبا ہوا ہے اور یہ کہ نیتن یاہو فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار ہے۔