شام کا بحران صرف شامی عوام کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے: عمران الزعبی
شام کے وزیر اطلاعات عمران الزعبی نے شامی عوام کے ذریعہ بحران شام کے حل پر زور دیا ہے۔
عمران الزعبی نے شامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحران شام صرف شامی عوام کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے حامیوں اور شام کے خلاف سازش رچنے والوں کی شکست پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شامی عوام دہشت گردی کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ شام متحدہ وطن اور آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے باقی رہے۔
عمران الزعبی نے کہا کہ شامی عوام دہشت گردی کے نتیجے میں تباہ ہونے والے مقامات کی تعمیرنو کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے بعض ممالک کی طرف سے دہشت گردی کی حمایت بند کئے جانے پر تاکید کی اور کہا کہ اگر ترکی اور وہابی نظام داعش اور جبہۃ النصرہ سمیت دہشت گرد گروہوں کی حمایت نہ کرتے تو بحران شام اس مرحلے تک نہ پہنچتا جس مرحلے میں آج ہے۔
واضح رہے کہ بعض ممالک خاص طور سے امریکا، سعودی عرب، قطر اور ترکی، شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد کر کے بحران شام وجود میں آنے اور ہزاروں شامیوں کے جاں بحق ہونے کا سبب بنے ہیں۔