شام: حلب کے مغربی علاقوں پر دہشت گردوں کی گولہ باری
حلب کے بعض مغربی علاقوں پر دہشت گردوں کی گولہ باری میں متعدد عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔
لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات دہشت گردوں نے شام کے حلب شہر کے مغربی علاقوں پر گولہ باری کی۔ جس کے نتیجے میں شام کے کم از کم دس عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کے دن حلب شہر کے مشرقی علاقوں سے دسیوں شامی شہری دہشت گردوں سے جان بچا کر حلب کے مغربی علاقوں کی طرف فرار ہوگئے۔
دریں اثناء شام کے لڑاکا طیاروں نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات حماہ کے شمالی مضافات میں تکفیری دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ شام کی فضائیہ نے شمالی لاذقیہ کے مضافات میں واقع رویسہ القبع اور کفر سندو علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے اکٹھا ہونے کے مقام اور ان کے جنگی سازوسامان پر بھی بمباری کی۔