ایرانی کورونا ویکسین کی تقسیم شروع ہوگئی
ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ ملک میں تیار کی جانے والی کوورنا ویکسین کی تقسیم آج سے شروع ہوگئی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے بتایا ہے کہ آج سے ایرانی کورونا ویکسین کویران برکت کی تقسیم کا آغاز ہوگیا ہے اور ملک بھر میں قائم ویکسینیشن سینٹروں کو یہ ویکسین ارسال کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران عنقریب دنیا میں ویکسین تیار کرنے والے بڑے ملکوں کی صف میں شامل ہوجائے گا۔
ڈاکٹرسعید نمکی نے کہا کہ بعض وعدہ خلافیوں کی وجہ سے ملک میں ویکسین کی درآمد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم حکومت کی مسلسل پیروی کے نتیجے میں ویکسین کی درآمد دوبارہ شروع ہوگئی ہے اور آئندہ اس میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین کی تیار کردہ پہلی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ دوسری کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری آئندہ ہفتے جاری کردی جائے گی۔
ایرانی ماہرین نے امریکہ کی تمام تر غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کے باوجود اندرون ملک کئی طرح کی کورونا ویکسین اور دواؤں کی تیاری میں کامیابی حاصل کی ہے جسے عالمی سائنٹفک برادری نے سراہا ہے۔