سابق وزیراعظم گیلانی اورامین فہیم کی گرفتاری کے احکامات
Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
-
یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم
پاکستان میں انسداد بدعنوانی سے متعلق ایک عدالت نے ملک کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اورسابق وفاقی وزیرمخدوم امین فہیم کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ انسداد بدعنوانی کی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کی جانب سے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اسکینڈل میں بارہ مقدمات کے حتمی چالان پیش کئے جانے کے بعد مذکورہ ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت کی جانب سے پہلے بھی دونوں رہنماؤں کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا مگر یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پیش نہیں ہوئے تھے۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزمان کو دس ستمبر کو پیش کیا جائے۔
دونوں ملزمان کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے ہی سابق وفاقی وزیر اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کو انٹیلی جنس ایجنسی کے سادہ لباس اہلکاروں نے مبینہ طور پر حراست لے لیا تھا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق حساس اداروں نے ڈاکٹر عاصم حسین کو ابتدائی تفتیش کے بعد سندھ رینجرز کے حوالے کردیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مشیر پیٹرولیم کے عہدے پر فائز تھے۔ کہا جارہا ہے کہ ان پر دہشت گردوں کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ، چائنا کٹنگ اور سی این جی اسٹیشنوں کو غیر قانونی طور پر لائسنس دینے کے الزامات ہیں۔