پاکستان: یاسمین راشد، عمرسرفراز، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم صادر کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس دس سال قید اور چھے چھے لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائگی کی صورت میں مجرمین کو مزید سزا کاٹنی ہوگی۔ اس رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اسی کے ساتھ دو پی ٹی آئی رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔پاکستان میں نومئی کے مقدمات میں درجنوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دس دس سال قید کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔ عدالت نے نو مئی کے بلووں سے متعلق دو مقدمات میں پی ٹی آئی کے نائب سربراہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی اگر کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کردیا جائے۔