نواز حکومت انتقامی سیاست پر عمل کر رہی ہے،زرداری
Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف نےانیس سونوے کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع کردی ہے جس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔
پاکستان کے صوبے سندھ کی حکمراں جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ نواز شریف نے نوے کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع کردی ہے تاہم انتقامی کارروائی کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے-موصولہ رپورٹوں کے مطابق لندن سے دیئے گئے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا ہے کہ سندھ کو وزیراعظم کے احکامات کے تحت مفلوج کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے قاسم ضیا اور سینیٹر بنگش کے بیٹے کو گرفتار کیا گیا پھر رینجرز نے ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیا، جس کے فوری بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں وفاقی اداروں کی مداخلت اور پکڑ دھکڑ آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
آصف زرداری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دو ہزار تیرہ کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا، لیکن جمہوریت کی خاطر قبول کیا، انکا کہنا تھا کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں نے الیکشن آر او کا ہونے کی تائید کردی۔ آصف زرداری نے کہا کہ حکومت اپنے فطری اتحادی طالبان کو بچانا اور آپریشن ضرب عضب ناکام بنانا چاہتی ہے،یہی وجہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں پیپلزپارٹی اور سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروئی کی گئی،جب سرحدوں پر کشیدگی ہے اور فوج، دشمن سے برسر پیکار ہے۔
ادھر سابق صدر آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہےکیوں کہ (ن) لیگ نے نہ کبھی انتقامی سیاست کی نہ کر رہی ہے اور نہ ہی کرے گی- جبکہ ملک میں انتقامی سیاست دفن کی جاچکی ہے جو ہمیشہ دفن رہے گی-