لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میں فائرنگ کا تبادلہ
Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۸ Asia/Tehran
کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک بار پھر فائرنگ کے تبادلے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورس نے کشمیر کی لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر فائرنگ اورگولہ باری کی ہے۔فوری طور پر اس فائرنگ اور گولہ باری میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ میڈیارپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھی ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورس کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔ ہندوستانی ذرائع کی جانب سے اس خبر پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پاکستانی حکام نے منگل کے روز دعوی کیا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے سرحد پر کی جانے والی فائرنگ میں پاکستان رینجرز کا ایک سپاہی ہلاک ہوگیا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی خـبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب چند روز قبل دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے حکام نے نئی دہلی میں ایک دوسرے سے ملاقات کرکے سرحدوں پر فائرنگ کا تبادلہ روکنے کے طریقہ کار پر اتفاق کیا تھا۔