Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • پشاور بیس کیمپ پر حملے میں کالعدم تحریک طالبان ملوث ہے: میجر جنرل عاصم باجوہ

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کالعدم تحریک طالبان کو پشاور بیس کیمپ پر حملے میں ملوث قرار دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پشاور بیس کیمپ پر حملے میں کالعدم تحریک طالبان کا ایک گروپ ملوث ہے۔ انٹیلی جنس ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، اس حملے کی پلاننگ بھی افغانستان میں ہوئی تھی۔

میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ صبح پانچ بجے کے قریب تیرہ سے چودہ دہشت گردوں نے حملہ کیا اور وہ اندر داخل ہونے کے بعد دو گروہوں میں بٹ گئے ایک گروہ انتظامی حصے اور دوسرا ٹیکنیکل ایریا کی طرف گیا۔ دہشت گردوں نے نمازیوں اور وضو کرنے والوں کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں ایئر فورس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں سولہ نمازیوں ، پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سمیت انتیس افراد جاں بحق جبکہ ایک میجر اور آٹھ فوجی جوانوں سمیت بیس افراد زخمی ہو گئے۔ پاکستان کے فوجیوں نے جوابی کارروائی کر کے تیرہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ٹیگس