پاکستان: رینجرز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران بیس سے زیادہ مشتبہ افراد کی گرفتاری
Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۲۱:۴۳ Asia/Tehran
پاکستان کے شہر کراچی میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے بیس سے زیادہ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
پاکستان کے پریس ذرائع کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے اتوار کے دن صبح کے وقت مختلف علاقوں سے متحدہ قومی موومنٹ کے دو اراکین سمیت پچّیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے کراچی کے علاقے گلشن جدید سے ایک مشتبہ فرد کو گرفتار کیا اور کمپیوٹر اور دو موٹر سائیکلیں اپنے قبضے میں لے لیں۔ گلشن جدید کے علاقے میں ہی سرچ آپریشن کے دوران دو اور مشتبہ افراد بھی گرفتار کئے گئے جبکہ جمشید کوارٹرز میں سرچ آپریشن کے دوران کم از کم بارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ دلی کالونی کے علاقے سے بھی کم از کم دس مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
پاکستان کی حکومت نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے آغاز سے اب تک صوبہ سندھ میں تین سو تینتالیس دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ تین سو ستّر کو گرفتار کر لیا گیا۔ رینجرز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوئے۔