Nov ۲۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
  • داعش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان کی فوج کا اعلان
    داعش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان کی فوج کا اعلان

پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے اور پاکستان میں اس کی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔


واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ داعش جیسے خطرناک دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی اتحاد کی اشدضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر سیکورٹی ادارے ذرہ برابر بھی داعش کو برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ داعش نے افغانستان میں جگہ بنالی ہے لیکن اس نے پاکستان میں داخل ہونے کی جرائت نہیں کی ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں داعش کا وجود نہیں ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ صوبہ سندھ کے پولیس سربراہ نے چند ہفتے قبل کہا تھا کہ پاکستان میں سرگرم بعض خطرناک دہشت گرد گروہوں کے ساتھ داعش کے قریبی رابطے ہیں جن میں لشکرجھنگوی اور سپاہ صحابہ جیسے گروہ شامل ہیں۔

مذکورہ دونوں گروپ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں کے علاوہ فرقہ وارانہ قتل عام کے بے شمار واقعات میں ملوث رہے ہیں۔ داعش نے حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے بعض واقعات کی ذمہ داری قبول بھی کی ہے جن میں سانحہ صفورہ چورنگی بھی شامل ہے۔

سانحہ صفورہ چورنگی میں داعش کے دہشت گردوں نے شیعہ اسماعیلی برادری کی بس پر فائرنگ کرکے درجنوں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

ٹیگس