پاکستان بیرون ملک فوج نہیں بھیجے گا
حکومت پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت میں قائم چونتیس ملکی فوجی اتحاد میں شامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے بیرون ملک فوج بھیجنے سے انکار کر دیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے روبرو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں فوج بھیجنا پاکستان کی خارجہ پالیسی میں شامل نہیں ہے۔
انہوں نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان، سعودی اتحاد میں اپنی زمینی فوج نہیں بھیجے گا تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے معلومات کا تبادلہ اور اسلحہ کی فراہمی میں حصہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی وزیرخارجہ اور وزیر دفاع پر بھی واضح کردیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی بنا پر اپنی فوج، کسی ملک میں نہیں بھیج سکتا کیوں کہ پاکستان اپنی فوج صرف اقوام متحدہ کے تحت امن مشن کے لئے بھیجتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے ساتھ ساتھ ایران سعودی عرب کشیدگی کے خاتمے کا خواہاں ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان سولہ جنوری کو ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں باقاعدہ طور پر اپنا موقف بیان کرے گا۔