پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم ، مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی
کراچی میں پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم میں پی آئی اے کے دوملازمین ہلاک ہوگئے
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے احتجاج کرنے والے ملازمین کی ریلی ہیڈآفس سے ایئرپورٹ کی جانب روانہ ہوئی تو کارگوگیٹ پر پہنچنے پر پولیس نے مظاہرین پر واٹر کینن کا استمعال کیا - خبروں میں بتایا گیا کہ اس کے بعد مظاہرین نے جناح ٹرمینل کی جانب آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کا استعمال کیا اور ان پر لاٹھی چارج کیا بعد ازاں مظاہرین اور پولیس میں زبردست تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو ملازمین ہلاک ہوگئے - اسپتال کے ذرائع نے ہلاک ہونے والوں کے نام عنایت رضا اور سلیم بتائے ہیں -
خبروں میں کہا گیا ہے کہ عنایت رضا کے سینے میں گولی لگی ہے- مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سولہ کو اسپتال منتقل کیا گیا - پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے نامہ نگاروں اور صحافیوں پر بھی ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی اور لاٹھی چارج کیا جس کے دوران ڈان نیوز کا بھی ایک نمائندہ زخمی ہو گیا جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے -
پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم میں دو ملازمین کی ہلاکت کی خبر کے بعد کراچی سمیت پورے پاکستان میں پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں - کراچی ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بند ہونے کے بعد اسلام آباد ،کوئٹہ اور لاہور سے بھی فضائی آپریشن بند ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں - تاہم پی آئی اے کے ترجمان دانیا ل گیلانی کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشن جزوی طور پر بندہوئے تھے اس کے بعد ملک کے سبھی ہوائی اڈوں سے فضائی آپریشن بدستور جاری ہے -
واضح رہے کہ پیر کو پی آی اے کی تمام تنظیموں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ادارے کی نجکاری کے خلاف بطور احتجاج فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا تھا -