Feb ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی

پاکستان میں سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں-

موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں نے کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے-

سیکورٹی اہلکاروں نے یہ کارروائی کوئٹہ کے قلعہ عبداللہ علاقے میں کی -

تفصیلات کے مطابق قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی شروع کی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے جواب میں سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کر کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا-

پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود ملا ہے۔

اس سے پہلے نصیرآباد کے کوٹ حمید آباد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سڑک پر نصب پندرہ کلوگرام دھماکا خیز مواد ناکارہ بنایا تھا-

درایں اثنا کراچی کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران نو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق لیاری آگرہ تاج کالونی میں کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتارملزمان حنیف اورموسیٰ جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کا تعلق کچھی رابطہ کمیٹی سے ہے۔

ٹیگس