Feb ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان نے شام کی علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی پالیسی کا اعلان کر دیا

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد شام کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے احترام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ

موجودہ صورت حال میں شام کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے احترام پر مبنی ایک اصولی موقف رکھتا ہے-

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان، شام میں جاری تنازع کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات کا مطالبہ کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ شامی حکومت اور اپوزیشن گروپ تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور اپنے اختلافات کو پُرامن طریقے سے حل کرلیں گے-

انھوں نے مزید کہا کہ 'پاکستان، شامی عوام کی امنگوں کے مطابق جامع سیاسی مذاکرات کے ذریعے، شام کی زیرِ قیادت پرامن اور جامع حل کی تلاش میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے-

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی قیادت میں بننے والے 34 اقوام کے اتحاد کی تفصیلات پر ماہرین کی سطح پر کام کیا جارہا ہے-

پاکستان نے حال ہی میں سعودی عرب میں ہونے والی بیس ممالک کی افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں 'رعد الشامل' میں حصہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ ریاض کی جانب سے اتحاد کے قیام کے حوالے سے ہونے والے اعلان کے بعد پاکستان نے اس میں شمولیت کی تصدیق کی تھی تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ وہ اس کی آپریشنل تفصیلات سے آگاہ نہیں ہے۔

ٹیگس