پاکستان: تفتان بارڈر پر سیکڑوں زائرین پھنسے ہوئے ہیں
پاکستان کے سرحدی علاقے تفتان میں سیکڑوں کی تعداد میں زائرین پھنسے ہوئے ہیں -
تفتان سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ایران سے زیارت کر کے پاکستان لوٹنے والے سیکڑوں کی تعداد میں زائرین پچھلے تین روز سے تفتان میں پھنسے ہوئے ہیں - پاکستان کے سرحدی علاقے تفتان کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان زائرین کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر آگے نہیں جانے دیا جا رہا ہے -
اس درمیان ایران سے پاکستان لوٹنے والے زائرین کا کہنا ہے کہ انہیں تفتان سے کوئٹہ اور پاکستان کے دیگر علاقوں کے لئے جانے نہیں دیا جارہا ہے -
بتایا جاتاہے کہ زائرین میں بڑی تعداد میں خواتین، بچے اور سن رسیدہ افراد شامل ہیں -
زائرین کا کہنا ہے تفتان میں ان کے لئے رہائش کا مناسب بندوبست بھی نہیں ہے اور کھانے پینے کا بھی کوئی معقول انتظام نہیں ہے -
اس درمیان تفتان کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکورٹی وجوہات کی بناپر زائرین کو روکا گیا تھا اب بہت جلد ان کو تفتان سے کوئٹہ بھیجنےکا انتظام کیا جارہاہے -
ماضی میں تکفیری دہشت گردوں نے کئی بار کوئٹہ اور ایران کی سرحد کے درمیانی راستے میں زائرین کی بسوں پر حملہ کرکے دسیوں زائرین کو شہید کیا ہے -