پاکستان میں متعدد دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں پولیس نے ایک دہشت گرد کمانڈر اور گلگت بلتستان میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس نے مقابلے کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے کمانڈر کو ہلاک کردیا ہے۔ کراچی پولیس کے سربراہ مشتاق مہر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حساس ادارے کی اطلاع پر سی آئی اے اور پولیس کی ٹیم نے منگھو پیر کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پولیس کو آتا دیکھ کر اس پر فائرنگ شروع کردی اور کریکر بم بھی پھینکے جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور ایک دہشت گرد کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں بھی سیکورٹی اہلکاروں نے ایک کارروائی کرکے سیاحوں اور اہلکاروں کو ہلاک کرنے والے تین مبینہ مطلوبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان میں واقع چلاس کے گاؤں گیال میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں دو سیکورٹی اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔
اس اعلامیے کے مطابق مطلوبہ دہشت گرد شاہراہ قراقرم پر دہشت گردی کے واقعات کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔