Apr ۰۶, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ٹریفک کے حادثات میں اکّیس افراد کی ہلاکت

پاکستان میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں کم سے کم اکیس افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

مقامی حکام کے مطابق ایک حادثہ پنجاب کے ضلع میانوالی میں پیش آیا۔ جہاں ایک مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ اسی دوران میانوالی کے ایم ایم روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ٹریلر سے ٹکرا گئی۔

پولیس اور ہسپتال کے ذرائع کے مطابق تصادم کے نتیجے میں اٹھارہ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ چودہ زخمیوں کو مقامی ہستپال میں داخل کرا دیا گیا جس میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اس سے قبل سرگودھا میں پیش آنے والے ٹریفک کے حادثے میں تین افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں ہر روز کئی ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں جن میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ خراب سڑکوں، خستہ حال گاڑیوں اور ڈرائیونگ میں غفلت کو ٹریفک حادثات کی اہم وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ سن دو ہزار گیارہ سے پاکستان میں ہر سال تقریبا نو ہزار واقعات پیش آچکے ہیں جن میں ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔

ٹیگس