پاکستان: لاہور میں پولیس کی کارروائی، 35 مشتبہ افراد گرفتار
پاکستان کے شہر لاہور میں پولیس نے مون مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران پینتیس مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں واقع مون مارکیٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا جس دوران شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر پینتیس مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا جنہیں تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے اطراف کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ہوٹلوں اور دکانوں پر بھی شہریوں کی تلاشی لی اور شناختی کوائف چیک کیے۔
واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ دنوں علامہ اقبال ٹاؤن میں واقع تفریحی پارک گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں سینکڑوں لوگ جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے قبل دو ہزار نو میں اقبال ٹاؤن میں واقع مون مارکیٹ میں بھی خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے۔
گلشن اقبال پارک میں خودکش حملے کے بعد فوج نے پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف وسیع آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ پولیس نے بھی کئی کارروائیاں کر کے اب تک سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار جبکہ بعض دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کیا ہے۔