Apr ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  •  پاکستان اور پاناما کے عہدیداروں کے درمیان ملاقات کی تردید

حکومت پاکستان نے واشنگٹن میں پاکستان اور پاناما کے عہدیداروں کے درمیان ملاقات کی تردید کی ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور پاناما کے عہدیداروں کے درمیان ملاقات سے متعلق شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے زیر اہتمام ایک تقریب میں پاکستانی وفد، پاناما کے وفد کے ساتھ ضرور بیٹھا تھا تاہم کوئی رسمی بات چیت ہوئی اور نہ ہی پاناما لیکس کے بارے میں گفتگو۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستانی میڈیا میں گزشتہ روز پاناما کے نائب وزیر اقتصادیات کے حوالے سے یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ انہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کی ہے تاہم بعد میں انہوں نے اس کی تردید کر دی۔ پاناما کے نائب وزیر اقتصادیات آئیون زارک کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے وزیر خزانہ سے نہیں بلکہ سیکریٹری خزانہ وقار مسعود سے ملاقات کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ پاناما لیکس میں ، پاکستانی وزیراعظم کے اہل خانہ پر غیر قانونی طور پر رقوم ملک سے باہر بھیجنے اور آف شور کمپنیاں قائم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے گزشتہ دنوں اپنے نشری خطاب میں پاناما لیکس کے بارے میں تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا جسے اپوزیشن نے مسترد کردیا ہے۔

پاکستان کی اپوزیشن جماعتیں سپریم کورٹ کے ذریعے پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

ٹیگس