پاکستان: کور کمانڈر اجلاس، کومبنگ آپریشن کے منصوبے کی منظوری
پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں آپریشنل تیاریوں، تربیت اور پیشہ ورانہ امور پر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو سراہتے ہوئے شوال آپریشن کی کامیاب تکمیل پر فوج، ایف سی اور رینجرز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں کومبنگ آپریشن سے متعلق جامع منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے شہر لاہور کے اقبال پارک میں دہشت گردانہ حملے کے بعد فوج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پورے ملک میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ پاکستان کئی برسوں سے دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہے لیکن پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آنے کے بعد دہشت گردانہ حملوں میں کافی کمی آئی ہے اور دہشت گرد گروہوں کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ پاکستان کے آرمی نے کئی بار ملک سے دہشت گردی اور دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔