ہماری ویب سائٹ اور سرور پر سائبر حملے ہو رہے ہیں، پاکستان کے دفتر خارجہ کا اعلان
پاکستان کےدفتر خارجہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ویب سائٹ اور سرور پر سائبر حملے ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے حکام دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ پر ایک دو بار حملے ہوئے ہیں،کمیونیکیشن سسٹم محفوظ بنانے کے لئے دیگر اداروں کی مدد لے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے ارکان نے امریکا سے ایف سولہ طیاروں کی خریداری میں ناکامی پر دفتر خارجہ کے حکام سے کڑے سوالات کئے،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس سینیٹر نزہت صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
رکن کمیٹی مشاہد حسین سید نے دفتر خارجہ کے حکام سے سوال کیا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ امریکا، ہندوستان کے دباؤ پر پاکستان کو ایف سولہ کی فروخت سے منصرف ہو گیا۔
سینیٹر طاہر مشہدی نے استفسار کیا کہ دفتر خارجہ، امریکا کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرانے میں کامیاب کیوں نہیں ہو رہا، کمیٹی نے دفتر خارجہ کے حکام سے ماسکو میں پھنس جانے والے پاکستانیوں کے معاملے پر رپورٹ طلب کی۔