پنامہ لیکس کی مزید ہزاروں دستاویزات منظرعام پر آئیں گی: آئی سی آئی جے
انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیشن جرنلسٹس آئی سی آئی جے نے پنامہ پیپرز سے متعلق کئی دستاویزات آن لائن جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تنظیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ دستاویزات عالمی وقت کے مطابق شام چھے بجے آن لائن کئے جائیں گے اور عوام آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ کے ذریعے براہ راست ان دستاویزات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
آئی سی آئی جے کا کہنا ہے کہ وہ مشہور زمانہ وکی لیکس کی طرح دستاویزات کی بھرمار نہیں کرے گا، بلکہ دنیا بھر میں امیر افراد کی جانب سے قائم کی گئیں دو لاکھ آف شور کمپنیوں کے نام اوران کے حوالے سے دیگر معلومات سے متعلق انکشافات کرے گا۔
انیس سو ستانوے میں قائم ہونے والی انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیشن جرنلسٹس آئی سی آئی جے نے جسکا ہیڈکوارٹر امریکہ میں ہے کچھ عرصہ قبل بھی بہت سے دستاویزات شائع کیے تھے۔
پنامہ کی لافرم موزیک فانسیکا کے نجی ڈیٹا بیس سے دو اعشاریہ چھے ٹیرا بائٹ پر مشتمل عام ہونے والی ان معلومات کو امریکی سفارتی مراسلوں سے بھی بڑا قرار دیا جا رہا ہے۔