پاکستان کے چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی سرکاری درخواست مسترد کردی
پاکستان کے چیف جسٹس نے پنامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق حکومتی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے وزارت قانون کے نام اپنے جوابی خط میں لکھا ہے کہ جب تک مناسب قانون سازی نہیں ہوتی سپریم کورٹ پنامہ لیکس پر کمیشن نہیں بناسکتی۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے رواں سال اپریل میں اپنے ایک نشری خطاب میں اعلان کیا تھا کہ ان کے اہل خانہ پر پنامہ لیکس میں لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات اور کمیشن کے قیام کی غرض سے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس کے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے لیے شریف خاندان کے افراد کے نام بھی نہیں بتائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پنامہ لیکس میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کی آف شور کمپنیوں کے انکشاف کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیراعظم نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
حزب اختلاف کی جماعتیں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کر رہی ہیں۔