May ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • پنامہ لیکس کمیشن کے ٹی او آر کی تیاری کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے پنامہ لیکس کے بارے میں عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے ٹرمز آف ریفرنس تیار کرنے کی غرض سے پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی منظوری کے بعد بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جو پنامہ لیکس کی تحقیقات کی غرض سے عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے ٹرمز آف ریفرنس تدوین کرے گی۔

قومی اسمبلی سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے چھے چھے ارکان شامل ہوں گے -مذکورہ کمیٹی میں حکومت کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، انوشہ رحمٰن، اکرم درانی اور حاصل خان بزنجو جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹر اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، صاحبزادہ طارق اللہ، بیرسٹر محمد علی سیف، طارق بشیر چیمہ اور الیاس احمد بلور کے نام شامل ہیں۔

ایک ہفتے قبل پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے پنامہ لیکس کے معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کی غرض سے ٹرمز آف ریفرنس کی تیاری کے لیے بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

پنامہ لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کے نام سامنے آنے کے بعد پاکستان کی بڑی جماعتوں نے وزیراعظم سے استعفے اور معاملے کی غیر جانبدارانہ چھان بین کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے ایک اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کمیشن کے ضابطہ کار پر حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں میں میں اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

ٹیگس