حملے کے بعد طالبان سے امن مذاکرات کا عمل سبوتاژ ہو گیا: پاکستان
پاکستان نے طالبان لیڈر ملا اختر منصورکو ڈرون حملے میں ہلاک کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کے بعد طالبان سے امن مذاکرات کا عمل سبوتاژ ہو گیا ہے
پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے اسلام آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان لیڈر کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے کے بعد طالبان کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی جاسکتی -
چودھری نثار علی خان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ امریکا کی جانب سے سرکاری طور پر تصدیق کئے جانے کے باوجود ہم تصدیق نہیں کرسکتے کہ مرنے والا ملا اخترمنصور ہی تھا یا کوئی اور -
پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ نے اس موقع پر امریکی ڈرون حملے کو پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی - انہوں نے کہا کہ امریکی اقدام اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے -
ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے اس سلسلے میں جو جواز پیش کیا ہے وہ غیرقانونی ہے -