حکومت پاکستان نے طالبان سرغنہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دی
حکومت پاکستان نے طالبان کے سرغنہ ملا اختر منصور کی لاش اس کے ورثا کے حوالے کر دی ہے۔
اس بات کا اعلان پاکستان کے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران کیا ۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ملا منصور کی لاش قانونی کارروائی کے بعد افغانستان میں اس کے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ملا منصور کے ڈی این اے ٹیسٹ میں تصدیق کے بعد ہی اس کی موت کا اعلان کیا گیاتھا۔
پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملامنصور کے جعلی شناختی کارڈ کے اجراء میں معاونت کرنے والے تمام پاکستانی افسران کو گرفتار کرلیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ طالبان کا سرغنہ ملا اختر منصور گزشتہ دنوں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب واقع علاقے نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔ ملا اختر منصور کے پاس سے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا تھا۔