امریکہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے،جنرل راحیل شریف
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے امریکہ سے افغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ نے یہ مطالبہ راولپنڈی میں امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن اور امریکی فوجی کمانڈر جنرل جان نکلسن کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں طالبان کے سابق سرغنہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی خطے کی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ طالبان کا سابق سرغنہ ملا اختر منصور تین ہفتے قبل پاکستان کے صوبے بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔
بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ نے امریکی ڈرون حملے کو اپنے ملک کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے امریکی وفد پر واضح کیا کہ اس قسم کے اقدامات سے اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان اعتماد کو شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی کرے۔
جنرل راحیل شریف نے اس بات پرافسوس کا اظہار کیا کہ چار فریقی تعاون کے دائرے میں افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں مشارکت کے باوجود پاکستان پر افغانستان میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز نے خبر دار کیا تھا کہ امریکہ کے ڈرون حملوں کے نتیجے میں اسلام آباد واشنگٹن تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔