پاکستان کے آرمی چیف سے مارشل لاء لگانے کا مطالبہ
پاکستان کے سبھی بڑے شہروں کی شاہراہوں اور سڑکوں پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصویروں والے بینرز لگاکر ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملک میں مارشل لاء نافذ کرکے ٹیکنوکریٹوں کی حکومت تشکیل دیں -
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ بینرز ایک نسبتا غیر معروف تنظیم موو آن پاکستان کی جانب سے لگائے گئے ہیں - جنرل راحیل شریف کی تصویروں والے یہ بینرز لاہور، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا اور حیدرآباد کی مختلف شاہراہوں پر لگائےگئے ہیں-
کراچی میں وزیراعلی ہاؤس اور رینجرز ہیڈکوارٹر کے درمیان ایک مقام پر ایک بینر نصب کیا گیا ہے جس پر لکھا ہے کہ جانے کی باتیں ہوئیں پرانی خدا کے لئے اب آجاؤ -
مووآن پاکستان نامی تنظیم نے جس کا اصل دفتر پنجاب میں ہے جنوری میں بھی اسی طرح کے بینرز پاکستان کے مختلف شہروں میں لگائے تھے -
جنوری میں یہ بینرز اس وقت لگائے گئے تھے جب پاکستانی آرمی چیف نے یہ کہا تھا کہ ان کی مدت ملازمت نومبر میں ختم ہوجائے گی اور وہ اس میں توسیع کے خواہشمند نہیں ہیں -
مذکورہ تنظیم کے سربرا علی ہاشمی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کی اس مہم کا مقصد ملک میں مارشل لاء کا نفاذ اور ٹیکنو کریٹوں کی حکومت کی تشکیل ہے جس کی باگ ڈور خود جنرل راحیل شریف سنبھالیں -
جنرل راحیل شریف سے مارشل لا لگانے کا مطالبہ کئے جانے کے اس اقدام پر پاکستانی فوج کا کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا ہے -