کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے جانے پر زور دیا ہے۔
کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گا۔
پاکستان کے وزیراعظم نے حکومت ہندوستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی حکومت کے پاس دو ہی راستے ہیں یا کشمیری عوام پر تشدد کا سلسلہ جاری رکھے یا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں اپنی سرنوشت کے تعین کا حق دے۔
ہندوستان کے زیرانتطام کشمیر میں گیارہ روز سے جاری کشیدگی اور سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں پچاس کے قریب لوگ جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز کشمیری عوام کی حمایت میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان کا موقف ہے کہ کشمیر کے عوام کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنی سرنوشت کے تعین کا حق دیا جانا چاہیے۔