غیرت کے نام پر قتل اور انسداد عصمت دری سے متعلق دو بلوں کی منظوری
پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ قائمہ کمیٹی نے غیرت کے نام پر قتل اور انسداد عصمت دری سے متعلق دو بلوں کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کی خصوصی قائمہ کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون و انصاف زاہد حامد کی زیر صدارت ہوا، جس میں غیرت کے نام پر قتل اور انسداد عصمت دری کے دو بلوں کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے بعد پاکستان کے وزیر انصاف زاہد حامد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل میں قصاص کا حق برقرار رکھا گیا ہے، تاہم قصاص کے حق کے باوجود عمر قید کی سزا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات میں اب پہلے کی طرح صلح نہیں ہو سکے گی۔ دونوں بلوں کو حتمی منظوری کے لیے اگست کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خاندان کی عزت کی خاطر خواتین کے غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث، حکومت کو اس حوالے سے قانون سازی کے لیے سخت دباؤ کا سامنا ہے۔