Nov ۰۹, ۲۰۲۵ ۲۱:۲۱ Asia/Tehran
  • روس کو امریکی جوہری تجربات سے متعلق بیانات کی وضاحت موصول نہیں ہوئی: لاوروف

روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو کو ابھی تک واشنگٹن کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بیانات کی کوئی وضاحت نہیں ملی ہے۔

 سحرنیوز/دنیا:  روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کو ابھی تک سفارتی ذرائع سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بیانات کی کوئی وضاحت نہیں ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ ٹرمپ کا مطلب جوہری ہتھیاروں کے فائر سسٹم کی جانچ کرنا تھا یا پھر ان کی مراد "زیر بحرانی" تجربات تھے جن میں سلسلہ وار جوہری ردعمل نہیں ہوتا ہے۔ لاوروف نے جوہری تجربات کے لیے تیاری کے امکان کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ولادیمیر پوتن کے حکم کے بارے میں بھی کہا کہ اس حکم پر عمل درآمد ہو رہا ہے اور اس کے نتائج عام کیے جائیں گے۔ روسی وزیر خارجہ کے مطابق، صدر پوتین نے حالیہ قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں وزیر دفاع آندرے بیلوسوف سے کہا تھا کہ وہ جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کی تیاری شروع کرنے کے امکان کا جائزہ لیں۔ پوتن نے اس اجلاس میں زور دیا تھا کہ جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں ٹرمپ کے بیانات ایک سنگین معاملہ ہیں اور روس کو کسی بھی منظر نامے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

 

ٹیگس