پاکستان کے سینئر سیاست داں معراج محمد خان انتقال کر گئے
پاکستان کے سینئر سیاست داں اور سابق وفاقی وزیر معراج محمد خان طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔
معراج محمد خان 20 اکتوبر 1938 کو ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر فرخ آباد میں پیدا ہوئے، اُن کا تعلق اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے سے تھا۔ ان کا شمار ذوالفقارعلی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، وہ 1971 سے 1973 تک وزیر رہے ۔ وہ 30 نومبر 1967 سے 22 اکتوبر 1974 تک پیپلزپارٹی کے نائب صدر بھی رہے۔
بعد ازاں سیاسی اختلافات کے باعث وہ پیپلزپارٹی سے کنارہ کش ہو گئے۔ انھوں نے قومی محاذ آزادی کے نام سے سیاسی جماعت بنائی۔ معراج محمد خان بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور اس کے پہلے سیکریٹری جنرل بنے۔ انھوں نے عمران خان سے تنظیمی امور پر اختلافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔
گزشتہ روز انھیں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ رات دو بجے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔