Jul ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • کشمیر ہندوستان کا داخلی معاملہ نہیں ہے: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا داخلی معاملہ نہیں ہے اور ان کا ملک کشمیری عوام سے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔

اسلام آباد میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی  کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال کو ہندوستان کی طرف سے اندرونی معاملہ قراردینا حقیقتاً غلط ہے۔انہوں نے ہندوستان کے اس موقف کو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے بھی منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جو جدوجہد چل رہی ہے وہ بقول ان کے کشمیریوں کی اپنی اور قانونی جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔ نواز شریف نےیہ بات زور دیکر کہی کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیرکا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد میں مضمر ہے۔اجلاس میں اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل سے رابطے کا فیصلہ اور او آئی سی کے فورم سے فیکٹ فائنڈنگ مشن ہندوستان کے زیرِانتظام کشمیر بھجوانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ٹیگس