نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا وزیراعظم نامزد کر دیا
Jul ۲۷, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۵ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ فاروق حیدر کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا وزیراعظم نامزد کردیا۔
ایوان وزیراعظم اسلام آباد میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے ملاقات کے موقع پر نواز شریف نے اپنی پارٹی کی جانب سے راجہ فاروق حیدر کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔اس اجلاس میں نواز شریف نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمزپر پوری شدت کے ساتھ اٹھائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں حکمران مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔