پاکستان: افغانستان کی سرحد کے قریب فوجی کارروائی میں چودہ طالبان کی ہلاکت
-
پاکستانی فوج نے گذشتہ ڈھائی برس سے زائد عرصے کے دوران، اپنے آپریشن ضرب عضب کے تحت بیشتر قبائلی علاقوں سے طالبان کا صفایا کیا ہے۔
پاکستان کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ خیبر ایجنسی کے علاقے راج گل میں طالبان گروہ کے چودہ افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ فوج نے راج گل کے علاقے میں نئی کارروائی کرتے ہوئے طالبان گروہ کے چودہ افراد کو ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ پاکستانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی، افغانستان اور پاکستان کے درمیان طالبان عناصر کی آمد و رفت اور ان کے اثر و رسوخ میں کمی آنے کا باعث بنے گی۔ پاکستانی فوج کے اس بیان پر افغان حکام نے اب تک اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج نے گذشتہ ڈھائی برس سے زائد عرصے کے دوران، اپنے آپریشن ضرب عضب کے تحت بیشتر قبائلی علاقوں سے طالبان کا صفایا کیا ہے اور اب وہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان ان تمام راستوں کو بند کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ جن کے ذریعے طالبان عناصر ان دونوں ملکوں کے علاقوں میں آمد ورفت کرتے ہیں۔