پاکستان: ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کو سیل کر دیا گیا
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کو تلاشی کے بعد سیل کر دیا ہے ۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈر خرم نے کہا ہے کہ تلاشی کے دوران ملک دشمن لٹریچر اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ تمام اسلحے کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ دوسری جانب شہر بھر میں رینجرز اور پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے متحدہ کے کئی دفاتر کو بھی سیل کر دیا۔ ان میں پی آئی بی سیکٹر، گلستان جوہر یونٹ آفس اور شاہ فیصل سیکٹر آفس بھی شامل ہیں۔ سکھر اور نواب شاہ سمیت سندھ بھر میں زونل دفاتر کو سیل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پچاس سے زائد کارکنان اور عہدے داروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دریں اثناء پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسے ایم کیو ایم کے قائد کی پاکستان مخالف تقریر کے معاملے پر پرویز رشید کے برطانوی حکومت سے رابطے اور الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق بیان کا علم ہے لیکن ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق وزارت داخلہ کی جانب سے برطانیہ سے رابطے کے لیے کوئی خط موصول نہیں ہوا اور خط ملنے پر معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔