پشاور، دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز میں مقابلہ 4 ہلاک
پشاورمیں دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں ورسک ڈیم کے قریب واقع کرسچن کالونی میں آج علی الصبح کئی مسلح دہشت گرد داخل ہوئے اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی نفری موقع پر پہنچ گئی اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا، فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق 4 دہشت گرد ہلاک اور 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت5 افراد زخمی ہوئے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرسچن کالونی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا، دہشت گردوں سے مقابلے میں 2 ایف سی اہلکار، پولیس اہلکار اور 2 سول گارڈز زخمی ہوئے۔
پولیس اور فوج کی بھاری نفری نے ورسک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے جب کہ کالونی کے رہائشیوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ورسک ڈیم، اسکول اور چرچ کا محاصرہ کر لیا ہے اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لئے گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے۔