پاکستان پہلے مضبوط تھا اب ناقابل تسخیر بن چکا ہے: جنرل راحیل شریف
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے مضبوط تھا ، اب ناقابل تسخیر بن چکا ہے-
چھے ستمبر کو پاکستان میں منائے جانے والے قومی یوم دفاع کے موقع پر جنرل راحیل شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گذشتہ کئی برسوں سے غیر روایتی جنگ کا شکار رہا تھا لیکن عوام اور فوج نے بھرپور دفاع کیا- فوج کے سربراہ نے کہا کہ ستمبر کی لڑائی ہماری تاریخ کا روشن باب ہے انھوں نے کہا کہ شہیدوں کی بدولت ہم آج آزاد ہیں انھوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا روشن دن بن چکا ہے-
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کئی سال پہلے ہم ہرروز دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہوتے تھے لیکن دو سال پہلے شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب میں ہم نے اپنا ہدف حاصل کرلیا ہے- انھوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی تینوں افواج کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے جس میں انیس ہزار کارروائیوں کے ذریعے فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں پر قابو پالیا- جرل راحیل شریف نے کہا کہ ہم قومی سلامتی کی حفاظت کے معاملے میں کسی بھی حد تک آگے جا سکتے ہیں-
پاکستانی فوج کے سربراہ نے جمو و کشمیر کی تازہ صورت حال کے بارے میں کہا کہ آزادی کا حق مانگنے والے کشمیری خوفناک سرکاری دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں- انھوں کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رہے گی - انھوں کہا کہ میں کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں- جنرل راحیل شریف نے افغانستان کے بارے میں کہا کہ افغانستان برادر اسلامی ملک ہے اور ہم پورے خلوص کے ساتھ افغانستان میں قیام امن کے لئے کام کررہے ہیں جبکہ خود غرض فریق پاک افغان تعلقات میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں-