پاکستان میں13 دہشتگرد ہلاک
پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کی جانب سےآج کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں وادی تیراہ میں آٹھ دہشتگرد اور اسی طرح بلوچستان کے علاقے سبی میں پانچ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں نے وادی تیراہ کے کوکی خیل کے علاقے میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے معتدد ٹھکانے تباہ ہوگئے تاہم کارروائی میں ہلاک ہونے والے آٹھ دہشتگردوں کی شناخت اوران کی تنظیم کے حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور منگل باغ کی لشکر اسلامی کا زیادہ اثر و رسوخ ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع سبی میں ایف سی کے سرچ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے تلی میں کل سرچ آپریشن کیا گیاجس کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایف سی کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے تین ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا جس میں راکٹ ،دیسی ساختہ بم ، بارودی سرنگیں اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ ستائیس نومبر کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ہونے والی کارروائی میں لشکر جھنگوی کے چار دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔ کالعدم دہشتگرد تکفیری گروہ لشکر جھنگوی شیعہ مسلمانوں، سکیورٹی فورسزاور اسی طرح امام بارگاہوں ، مساجد اور سرکاری عمارتوں پر حملوں میں ملوث ہے۔